سندھی دانشور جام ساقی کی پہلی برسی پر بلاول بھٹو زرداری کا اظہار عقیدت

جام ساقی کی پہلی برسی پر بلاول بھٹو کا اظہار عقیدت

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مرحوم جام ساقی کی محنت کش طبقات کے حقوق کے لیے جدوجہد ایک ناقابل فراموش باب ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے جام ساقی کو ان کی پہلی پرسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جام ساقی نے ملک میں آمریت کے خلاف جدوجہد کی اور قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

انہوں نے کہا کہ جام ساقی اُن چند رہنماؤں میں سے ایک تھے جو اپنے دل کی بات بلا خوف و خطر اور ببانگ دہل کہتے تھے جب کہ لگی لپٹی رکھے بغیر بات کرنے کی پاداش میں ان کے خلاف غداری کے سرٹیفکیٹس بھی بانٹے گئے تھے۔ جام ساقی زندگی بھر حق بات کہتے رہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ جام ساقی کی سیاسی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جب کہ محترمہ نے جام ساقی کے خلاف بغاوت کے جھوٹے مقدمے میں ان کے حق میں گواہی بھی دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان اور بھارت تنازعات کے پرامن حل کی طرف بڑھیں، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی ہدایات پر جام ساقی نے جبری مشقت کی روک تھام کے لیے بھی نمایاں کام کیا جب کہ جام ساقی زندگی کی آخری گھڑی تک ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے اور بے نظیر بھٹو کے فلسفے پر ثابت قدم رہے۔

انہوں نے کہا کہ آج عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہ دینے اور عدم روا داری کی افسوسناک صورتحال میں جام ساقی کی کمی محسوس ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ ساقی خان کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے پہلے سیکرٹری جنرل تھے اور اپنی سیاسی سرگرمیوں کے باعث 15 سال جیل میں بھی رہے۔

جام خان ساقی نے 1991 میں کمیونسٹ پارٹی چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔جام خان ساقی  کا انتقال گزشتہ سال 5 مارچ 2018 کو گردے فیل ہونے کی وجہ سے ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں