انتطامی ڈھانچے میں تبدیلی: پنجاب حکومت کو اہل افسران کی تلاش

انتطامی ڈھانچے میں تبدیلی: پنجاب حکومت کو اہل افسران کی تلاش | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


لاہور: وزیراعظم کی جانب سے پنجاب کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کی اجازت ملنے کے بعد صوبائی حکومت نے اعلیٰ سرکاری افسران کی فہرستیں تیار کرنا شروع کر دی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نےتمام وزارتوں کے انتظامی ڈھانچے اورخدوخال کا ازسر نو جائزہ لیا ہے اور بعض وزارتیں ختم کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی ہے۔

ہم نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق زراعت اور خوراک کی وزارت دو کی بجائے ایک کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی وزارت بلدیات میں شامل کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی ہے

آئی ٹی کی وزارت تعلیم کے ساتھ جوڑنے، وزارت داخلہ اور وزارت قانون کے محکموں کو ایک وزارت کے ماتحت کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ محکمہ صحت کی پرائمری اور سیکنڈری الگ وزارتوں کو پہلے ہی ایک کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے سینئر سیکرٹریز کے اختیارات میں توسیع کے ذریعے انتظامی ڈھانچہ بنانے کی تجویز دی گئی ہے اور صوبائی حکومت تجربہ کار،کرپشن سے پاک اور اہلیت کے حامل افسران  تلاش کر رہی ہے۔

پنجاب کے انتظامی ڈھانچہ کی تبدیلی کا باقاعدہ فیصلہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد ہوگا اور  منظوری کے بعد ڈھانچہ کی تبدیلی کا مسودہ پنجاب اسمبلی میں پیش کر کے قانونی شکل دی جائے گی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ہی وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب کے انتظامی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی فلاح کے لیے انتظامی ڈھانچے کی تنظیم نو ضروری ہے اور اس معاملے میں وفاقی حکومت پورا تعاون کرے گی۔ نئے نظام کے تحت مختلف وزارتوں کو کوآرڈینیشن نیٹ ورک کے ذریعے منسلک کیا جائیگا جس کی سربراہی سینئر بیوروکریٹ کریں گے۔


متعلقہ خبریں