لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تفتیش میں ہنڈی کے ذریعے پیسے منتقل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ہنڈی کے ذریعے کروڑوں روپے منتقل ہوئے۔
باوثوق ذرائع نے خبر دی ہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں متعدد افراد نے حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور شہبازشریف کے خلاف بیانات قلمبند کرائے ہیں۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں تفتیش کر رہا ہے۔
نیب نے شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار کر رکھا ہے اور ان سے صاف پانی سمیت آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور شہباز شریف کے فرزند حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں دو بار نیب کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔
آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں حمزہ شہباز کو اپنے اکاؤنٹ میں مشکوک ٹرانزیکشنز پر اپنا موقف دینا ہو گا۔