‘مبارک ولیج کی ساحلی پٹی آلودہ کرنے والے کا علم ہو گیا’


کراچی: مبارک ولیج کی ساحلی پٹی کو سیاہ تیل سے آلودہ کرنے والے ذمہ داروں کا علم ہوگیا۔ وفاقی وزیربرائے سمندری امور سید علی حیدر زیدی نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کو ذمہ داران کے خلاف تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

اکتوبر 2018 میں مبارک ولیج کی ساحلی پٹی سمیت کئی جزائر اور ساحل استعمال شدہ سیاہ رنگ کا آلودہ تیل پھیلنے سے نہ صرف آلودہ ہوگئے تھے بلکہ پورے علاقے میں سخت تعفن پھیل گیا تھا۔

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ جہاز کے کیٹپن نے جان بوجھ کر آلودہ تیل سمندر میں چھوڑا جس سے پوری ساحلی پٹی آلودہ ہوگئی۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر نے ڈی جی پی ایم ایس اے کو جہاز کے مالک اور کیپٹن کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

اکتوبر میں پھیلنے والے تیل کی صفائی کا کا م پاک بحریہ نے میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور دیگر اداروں کی مدد سے مکمل کیا تھا۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے آپریشن مکمل ہونے پر کہا تھا کہ 100 سے زائد جوانوں نے صفائی مہم میں حصہ لیا اور آپریشن کے دوران 15 ٹن سے زائد آئل ویسٹ کو ساحل سے صاف کیا گیا۔

ہم نیوز نے مقامی ماہی گیروں کے حوالے سے بتایا تھا کہ انہوں نے ساحل کی صفائی کے لیے پاک بحریہ کے آپریشن کو سراہا تھا، جوانوں کی تعریف کی تھی اور بحریہ کی حق میں نعرے بھی لگائے تھے۔

ترجمان پاک بحریہ نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ پاک بحریہ سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے اپنا بھر پورکردار ادا کرتی رہے گی۔


متعلقہ خبریں