اسلام آباد: سعودی عرب نے وعدے کے مطابق ایک ارب ڈالر پاکستان کو منتقل کر دیے ہیں۔
ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے وعدے کے مطابق پاکستان کا ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط فراہم کر دی ہے۔
سعودی عرب کے پیکج کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جنوری کے وسط میں ادا کی جائے گی۔
وزارت داخلہ کے باوثوق ذرائع کے مطابق ایک ارب ڈالر کی رقم پاکستان کو منتقلی کے بعد اب اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر آٹھ ارب 26 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔
سعودی پیکج میں ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط پاکستان کو گزشتہ ماہ 19 نومبر کو منتقل ہوئی تھی۔
ترجمان اسٹیٹ بینک نے سعودی عرب کے کیش بیل آوٹ پیکچ کے مزید ایک ارب ڈالر موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب تک بیل آوٹ پیکچ کے تین ارب ڈالر میں سے دو ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی عرب نے پاکستان کو تین ارب ڈالر کرنسی اور ہر سال تین ارب ڈالر کا تیل فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے دی جانے والی امداد سے بیرونی ادائیگیوں کے چیلنجز سے نمٹنے اور گرتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا ملے گا جب کہ پاکستانی کرنسی بھی مستحکم ہو گی۔