پاکستان کی برائیاں کریں گے تو سرمایہ کار نہیں آئیں گے، احسن اقبال



کراچی: سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان بیرون ملک جا کر پاکستان میں کرپشن کا رونا روتے ہیں۔ بیرون ملک پاکستان کی برائیاں کریں گے تو سرمایہ کار پاکستان نہیں آئیں گے۔

احسن اقبال نے کراچی ائرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سی پیک میں کرپشن کا رونا روتے ہیں لیکن چین میں سی پیک کی تعریف کرتے نظر آئے ہیں۔ عمران خان قومی احتساب بیورو (نیب) سے سی پیک کر تحقیقات کرالیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے پاکستان کو تیزی سی ترقی کرنے والا ملک بنایا ہے لیکن ہمیں اپنی پانچ سالہ محنت پر پانی پھرتا نظر آ رہا ہے۔ ملک میں مہنگائی کا پہاڑ گرا دیا گیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے اور ہم اس سال صرف دیکھ رہے ہیں کہ کیا ہوتا ہے جب کہ ہم ثابت کریں گے کہ اناڑی اناڑی ہی ہوتا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں اور ہم کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں جب کہ ہم ہر قسم کے حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ حکومت کے 100 دن عوام کے لیے 100 یوٹرن ثابت ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں