پیراگون کیس: قیصر امین وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے تیار


اسلام آباد:پیرا گون کیس میں رہنما مسلم لیگ ن ڈائریکٹر پیراگون ہاؤسنگ قیصرامین بٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے درخواست دے دی ہے۔

ترجمان نیب کے مطابق قیصرامین بٹ کی پری بارگین  کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی بلکہ پیرا گون کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے درخواست دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیصرامین بٹ کی درخواست کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جارہا ہے۔

اس سے قبل اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ قیصرامین بٹ نے نیب کو پلی بارگین کے لیے در خواست دی ہے۔ جس میں وہ پیرا گون متاثرین کو اقساط پر رقم واپس کرنے کی رضامندی ظاہر کی ہے۔

واضح رہے پیراگون ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں قیصرامین بٹ کو 14 نومبر کو گرفتارکیا گیا تھا جبکہ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف نیب میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات جاری ہیں۔

دونوں بھائیوں نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے جبکہ نیب میں ان کے خلف کیس کی تحیقیقات جاری ہیں۔


متعلقہ خبریں