اب تک احتساب انتقام کی صورت میں سامنے آیا ہے، خرم دستگیر


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ اب تک احتساب انتقام کی صورت میں ہمارے سامنے آیا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ احتساب سے انتقام کی بو آتی ہے، اگر احتساب ثبوت اور حقائق کی بنا پر ہو تو کسی کو برا نہیں لگتا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک تمام شواہد اور ثبوت سامنے نہیں آجاتے تب تک کسی پر الزام لگانا غلط ہے، اگر شہباز شریف کے خلاف کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں لیکن اس طرح بغیر ثبوتوں کے ان کی گرفتاری غلط ہے۔

رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ اپنی باتوں اور ذمہ داریوں کو سمجھے، ان کو ہر بات سوچ سمجھ کے کرنی چاہیے، ان کو کیسے پتا کہ کتنے اور لوگ گرفتار ہوں گے یا نواز شریف دوباریہ جیل جائیں گے؟

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت جھوٹ پر قائم ہے، اب ان کو جھوٹ بولنا چھوڑ دینا چاہیے۔ انہوں نے ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لانے کی بات کی لیکن اب کہاں ہے وہ پیسہ؟ اگر ملک کو آگے لے کر چلنا ہے تو صوبوں کو ان کے حقوق دینے پڑیں گے، حکومت تحمل سے ہوتی ہے دھمکیوں سے نہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ ہم نے احتساب کے کوئی قوانین نہیں بدلے، احتساب نیب کر رہا ہے جس پر ہمارا کوئی زور نہیں چلتا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے وزرا ثبوتوں اور شواہد کو مد نظر رکھ کر لوگوں کی گرفتاریوں کی بات کر رہے ہیں، کسی کا نام تو نہیں لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے اور ہوگا، اس عمل سے کسی کو مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، تحریک انصاف کے اپنے لوگوں کا بھی احتساب ہو رہا ہے، ابھی بھی کچھ لوگ عدالت کے سامنے بہت چھوٹے مقدمات میں پیش ہوئے۔

رہنما تحریک انصاف نے بتایا کہ انہیں اپوزیشن کے اکھٹے ہونے سے کوئی خطرہ یا ڈر نہیں ہے، یہ لوگ بے شک اکھٹے ہو جائیں، ان میں خود ہی پھوٹ پڑ جائے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ پاکستان میں یہی ہوتا ہے کہ ایک حکومت وقت ہوتی ہے اور کچھ لوگ اس کے ٹارگٹ پر ہوتے ہیں، تحریک انصاف مسلم لیگ (ن) کو ٹارگٹ کر کے خوش ہو رہی ہے لیکن کیا کل کو یہ لوگ خود بھی ٹارگٹ پر آ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے کاموں میں مداخلت کرنا حکومت کا کام نہیں ہے، زور زور سے تقریریں کرنے کا کیا مقصد ہے۔


متعلقہ خبریں