شہبازشریف کو دھوکے سے گرفتار کیا گیا، سعدرفیق

عوام نے ووٹ ہمیں دیا مگر عمران خان نے چوری کرلیا ، خواجہ سعد|humnews.pk

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا لیکن پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن چوری کر لیا۔

لاہور میں این اے 131 غوثیہ کالونی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ٹی وی پر کہتے تھے کہ وہ تھیلے کھول دیں گے مگر ایسا نہیں ہوا۔ عمران خان پہلا حکمران ہے جو لڑائی چاہتا ہے حکومت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو دھوکے سے بلا کر گرفتار کیا گیا ہے، میں آج بتا رہا ہوں کہ اس کے پاس کو ئی ثبوت نہیں ہے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسا نیا پاکستان ہے جس میں لوگوں کی آمدنی سے زیادہ ان کے گھروں کا بل ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے حکومت پر اپنی تنقید جاری رکھتے ہوئے کہا کہ عمران خان اب  چور چور کا شور مچا کر اپنا انتقام لے رہے ہیں۔  کل کی پریس کانفرنس میں خان صاحب جو اشارے کر رہے تھے وہ ہمیں موصول ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  ایک دوسرے کے گریبان پھاڑ کر ملک نہیں چلے گا۔ ہم دھرنے دینا نہیں چاہتے لیکن ہمیں اس پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

الیکشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ایک ایسا شخص میرے مقابلے پر کھڑا کیا ہے جو پانچ جماعتیں بدل چکا ہے۔

خواجہ سعد نے کہا کہ سارے کرپٹ لوگوں کو بڑے عہدوں پر لگا دیا گیا ہے ، اتنی مشکل سے سی پیک لے کر آئے، موجودہ حکومت اس میں بھی تبدیلی لانا چاہ رہی ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں