پاکستان کے پہلے فوڈ چینل‘ہم مصالحہ‘ کی 12ویں سالگرہ


کراچی: پاکستان کا پہلا فوڈ چینل ’ہم مصالحہ‘ اپنی 12ویں سالگرہ کے موقع پر مصالحہ ناظرین کے لیے 6 اکتوبر کو خصوصی نشریات لائیو چلائے گا۔

نشریات کل صبح 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک لائیو چلائی جائیں گی جن میں ہم مصالحہ سے تعلق رکھنے والے کئی نامور شیف شرکت کریں گے، سالگرہ کی نشریات میں مصالحہ ٹی وی کے شیف نہ صرف کھانے بنائیں گے بلکہ چٹ پٹی باتوں سے بھی نشریات کو پرلطف بنائیں گے۔

نشریات کے وقت لائیو کالز کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، اس دوران ناظرین اپنے پسندیدہ فنکاروں اور شیف سے بات چیت کر سکیں گے۔

مصالحہ ٹی وی کی اس بار کی  خصوصی ٹرانسمیشن میں محبوب خان، طاہر چوہدری، شیریں انور، زرنک سدھوا، کرن خان، ردا آفتاب، باسم اخوند اور ثمینہ جلیل سمیت دیگر شیفس شرکت کریں گے۔

ہم مصالحہ کا آغاز

ہم مصالحہ نے 22 نومبر 2006 کو اپنی نشریات کا آغاز کیا تھا، ’ہم مصالحہ‘ ہم نیٹ ورک کا حصہ ہے، چینل کو گھریلو خواتین میں خاص طور پر مقبولیت حاصل ہے ناظرین کی بڑی تعداد دن کے اوقات میں اسے دیکھنا پسند کرتی ہے۔

ہم مصالحہ برطانیہ میں بھی نمبر ون

’ہم مصالحہ‘ نا صرف پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے چینلز میں شمار ہوتا ہے بلکہ برطانوی ناظرین کی دلچسپی نے اسے اپنے ملک کے صف اول کے چینلز کی فہرست میں لا کھڑا کیا ہے جس کی وجہ سے اس کی ریٹنگ میں بتدریج اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ہم مصالحہ کی نشریات کو ناظرین میں 12 سال سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بے پناہ پسندیدگی حاصل ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں