حکومت بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنا رہی ہے، عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور ہائیکورٹ میں پیش

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت بلدیاتی اداروں کو مضبوط اور فعال بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔

پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت عوام کو اصل معنوں میں ریلیف ملے گا جبکہ عوامی نمائندے عوام کو جوابدہ ہوں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے پسماندہ علاقوں کے مسائل کے حل میں نمایاں مدد ملے گی، نئے پاکستان کی تعمیر کے لیے بلدیاتی اداروں کو درست سمت میں فعال بنانا ازحد ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کا استحکام پی ٹی آئی کی حکومت کے 100 دنوں کے ایجنڈے کا اہم نقطہ ہے۔

وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی زین قریشی کی قیادت میں ملتان سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی اداروں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کے وفد نے ملاقات کی، پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں رکن پنجاب اسمبلی جاوید اختر انصاری، وائس چیئرمین عبداللہ انصاری اور میاں محمود انصاری بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں