اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی تاحیات نااہلی کے خلاف نظرثانی درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ جمعرات 27 ستمبر دن ایک بجے درخواست کی سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس فیصل عرب شامل ہیں۔ سپریم کورٹ کی طرف سے جہانگیر ترین کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے تاحیات نااہلی کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
عمران خان نااہلی کیس فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے، اس کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 27 ستمبر دن ایک بجے کرے گا۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کے وکیل کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
حنیف عباسی نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دینے کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کر رکھی ہے۔