کل سے عمران خان کی نااہلی سمیت اہم مقدمات کی سماعت

فوٹو: فائل


اسلام آباد: عدالت عظمی میں اگلے ہفتہ اہم کیسز کی سماعت ہو گی، پیر کے روز عدالت جعلی بنک اکاونٹس کیس کی سماعت کرے گی۔

ایف آئی اے کی درخواست پرعبدالمجید اورعبدالغنی مجید کے میڈیکل بورڈ بنانے سے متعلق کیس کی سماعت بھی کل ہو گی۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔ یہی بینچ نقیب اللہ محسود  قتل سے متعلق کیس کی  بھی سماعت کرے گا جب کہ ججز اور سرکاری افسران کی دوہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت  بھی ہو گی۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بینچ وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق دارخواست  کی سماعت پیر 24 ستمبر کو کرے گا۔ یہی بینچ خود کار اسلحہ لائسنس کی منسوخی کے خلاف درخواست اور تطہیر بنت پاکستان کیس کی بھی سماعت کرے گا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں چار رکنی لارجر بنچ  دیا مر بھاشا اور مہمنڈ ڈیمز کی تشہیری مہم سے متعلق کیس کی سماعت پیر کے روز کرے گا۔

منگل کے روز یہ بنچ کراچی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ سے  دس سالہ امل کے قتل کے حوالے سے از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔

ایل ڈی اے کی غیر قانونی پٹرول پمپس کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس، این جی اوز سے متعلق از خود نوٹس کیس، این آر او سے متعلق کیس، شریف خاندان کے خلاف ریفرنس منتقلی سے متعلق کیس،  پاکستان پیٹرولیم اور ایشیا آئل کے درمیان ڈیل سے متعلق کیس، سابقہ حکومت پنجاب کی جانب سے میڈیا میں اشتہار دینے سے متعلق کیس اورا صغر خان کیس کی سماعت منگل کو ہو گی۔

بدھ کے روز عدالت عظمی کا تین رکنی بینچ مظفر گڑھ میں محکمہ اوقاف کی زمین سے متعلق کیس، ای او بی آئی کے سابق چئیرمین کے خلاف ازخود نوٹس کیس، مارگلہ ہل میں درختوں کی کٹائی سے متعلق کیس، بحریہ ٹاون راولپنڈی کی جانب سے ڈڈھوچہ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس اورلاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔

کرکٹر خالد لطیف کی پی سی بی ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت بُدھ کو ہو گی جب کہ جعلی شادیوں کے ذریعے خواتین کی افغانستان اسمگلنگ سے متعلق کیس کی سماعت بھی بُدھ کو ہوگی۔

عدالت عظمی شاہین ائیرلائن کی پرواز میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت بُدھ کو کرے گی جب کہ ورکرز ویلفئیر فنڈ کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت جمعرات کو ہو گی۔

لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق کیس، بھاشا ڈیم کی حدود کے تعین، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے امتحانات سے متعلق کیس اور میڈیا لاجک کے کیس کی سماعت جمعرات کو ہوگی۔

تین رکنی بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس عمر عطا بندیال شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں