کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کا فلسفہ شہادت ظلم، جبر اور آمریت کے خلاف جدوجہد کے لئے مشعل راہ ہے۔
محرم الحرام کے موقع پر اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے انسانی زندگی کے لئے سنہری اصول متعارف کرائے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کربلا کا میدان حق اور باطل کے درمیان معرکہ تھا جس میں حق فتح یاب ہوا جبکہ باطل کو شکست ہوئی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نواسہ رسولﷺ کی عملی زندگی کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے۔ امام عالی مقام کی مثال نے ہمیں ناانصافی اور زیادتی سے لڑنا سکھایا ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ آج ظلم اور جھوٹ کی شیطانی قوتیں ایک مرتبہ پھر عسکریت پسندی اور نام نہاد جہادی تنظیموں کی شکل میں سر اٹھا رہی ہیں، ان لوگوں نے اپنے جھوٹے نظریے کے نام پر پورے ملک میں تباہی پھیلائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم عاشور ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی تمام طاقت اورقوت سے اس سوچ اور ایسی قوتوں کا خاتمہ کردیں۔ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ آج یکجہتی اور برداشت کی جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔