دبئی: افغانستان نے بنگلہ دیش کو 136 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کا ایک اور اپ سیٹ کر دیا ہے۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں 255 رنز بنائے ہیں جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 42.1 اوورز میں صرف 119 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بنگلہ دیش کی طرف سے شکیب الحسن نے 32 جبکہ محمد اللہ نے 27 اور مصدق حسین نے 26 رنز بنائے۔ باقی کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی ڈبل فگرز میں داخل نہیں ہو سکا۔
افغانستان کا آغاز اچھا نہیں تھا اور 28 رنز پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں تاہم اس کے بعد محمد شہزاد اور حشمت اللہ شاہد نے ایک اچھی شراکت داری کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 79 تک لے گئے۔ محمد شہزاد اس موقع پر شکیب الحسن کی گیند پر ابو حیدر کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
حشمت اللہ خان نے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے جبکہ راشد خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر 57 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، گلبدین نبی نے ان کا ساتھ دیا اور 38 بالوں پر 42 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔
اپنی اننگز کے آخری اوور میں دونوں کھلاڑیوں نے 19 رنز بنائے۔
گروپ بی کی دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کا نتیجہ گروپ کی ٹاپ پوزیشن کا تعین کرے گا۔ اب تک دونوں ٹیموں نے ایک، ایک میچ کھیلا ہے اور اس میں کامیابی حاصل کی ہے۔
افغانستان اور بنگلہ دیش نے گروپ بی کی تیسری ٹیم سری لنکا کو شکست دی تھی۔
ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان اصغر افغان کا کہنا تھا کہ 250 سے زائد اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔