دوحہ: قطر میں جاری امن مذاکرات کے حوالے سے ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بات چیت میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور مجموعی مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک باخبر ذریعے نے بتایا کہ دوحہ میں ہونے والی مذاکراتی نشستیں مجموعی طور پر بہتر رہیں اور ان کے نتیجے میں وسیع تر سفارتی عمل میں پیشرفت دیکھی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران مذاکراتی عمل کو انتہائی احتیاط کے ساتھ آگے بڑھا رہا ہے کیونکہ تہران اب بھی امریکا کو ایک ناقابل اعتماد فریق تصور کرتا ہے، اسی لیے ہر مرحلے کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حکام کسی بھی ممکنہ معاہدے کے حوالے سے محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ اور خطے کی مجموعی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاسداران انقلاب کا امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
سفارتی ذرائع کے مطابق قطر میں ہونے والی یہ بات چیت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ امن معاہدے کے لیے راہ ہموار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، جبکہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی، آبنائے ہرمز، اقتصادی پابندیوں اور جوہری پروگرام جیسے اہم معاملات بھی زیر بحث ہیں۔
