نیب کی ملتان میٹرو بس کرپشن کیس میں گرفتاریاں

میٹرو بس سروس

فوٹو: فائل


ملتان: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ملتان میٹرو بس کرپشن کیس کے سلسلے میں ملتان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے دفتر پر چھاپہ مارا ہے اور میٹرو بس منصوبے کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔

نیب حکام نے دو ایکسیئن، ایک انجینئر اور ایک ایس ڈی او کو بھی تحویل میں لے لیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ پیشی پر آئے ہوئے ڈائریکٹر انجینیئرنگ نذیر چغتائی کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

ان تمام افراد کو ایم ڈی اے کے دفتر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار شدہ افراد میں ایکسیئن رانا وسیم، ایس ڈی اوز منظور حسین، منعم سعید اور دیگر افراد شامل ہیں۔

نیب کے اعلامیے کے مطابق انہوں نے سات افراد گرفتار کیے ہیں جنہیں جمعرات کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہباز شریف نے وزیراعظم پاکستان کو چیلنج کیا تھا کہ اب ان کی حکومت ہے، انہیں چاہیے کہ میٹرو منصوبوں کی شفاف تحقیقات کریں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر ان پر ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہو تو وہ ہر سزا بھگتنے کے لیے تیار ہیں۔

 


متعلقہ خبریں