اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی پیک کو پاکستان کا معاشی مستقبل قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین راہداری منصوبے کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفورکے مطابق پاکستان میں متعین چین کے سفیر یاؤجنگ نے چیف آف آرمی اسٹاف سے ملاقات کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اورخطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
China’s Amb to Pak met COAS. Discussed matters of mutual interest & regional security. Amb appreciated conduct of successful visit of Chinese Foreign Minister and support for CPEC in Pak. COAS reiterated that CPEC is eco future of Pak and its security shall never be compromised. pic.twitter.com/fn2pxLBk39
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) September 11, 2018
آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے سفیر نے حال ہی میں ہونے والے چین کے وزیر خارجہ کے کامیاب دورہ پاکستان اور سی پیک کے لیے پاکستان میں حمایت کو سراہا۔
پاکستان کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ایک اخبار نے ان کا انٹرویو سیاق و سباق سے ہٹ کر شائع کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ سی پیک کے مستقبل پر پاکستان اور چین کے درمیان مکمل اتفاق ہے اور پاکستان سی پیک کو رول بیک نہیں کررہا ہے۔
پاکستان نے چین کے وزیر خارجہ کو ان کے حالیہ دورے میں یقین دہانی کرائی تھی کہ سی پیک قومی ترجیحی منصوبہ ہے۔
چین کے سفارت خانے نے بھی سی پیک سے متعلق فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے مکمل اتفاق رائے ہے۔