اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ روایتی جنگ کا دور گزرگیا، موجودہ حالات میں دلیل اور منطق کا بیانیہ ہی کارگر ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیانیے کی جنگ جیتنے کے لیے انفارمیشن سروسز گروپ کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
یہ بات انہوں نے انفارمیشن گروپ کے افسران سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق اداروں کو مزید مضبوط و فعال بنائیں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات کے افسران اپنی صلاحیتیں ریاستی بیانیے کی ترویج کے لیے بروئے کارلائیں اور عصر حاضر کے تقاضوں کومدنظر رکھتے ہوئے پبلسٹی کے جدید آلات خصوصاً سوشل میڈیا میں مہارت حاصل کریں۔
ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر کو افسران نے پیشہ ور امور کی انجام دہی میں درپیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری کو پرنسپل انفارمیشن آفیسرشفقت جلیل نے ادارے کے امور سے متعلق بریفنگ بھی دی۔