اسلام آباد: احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے ایل پی جی کوٹہ کیس سننے سے انکار کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ مدعی نے پہلے میرے کیس سننے پر اعتراض کیا تھا۔
جمعرات کے روز کیس کی سماعت احتساب عدالت نمبر دو کے جج ارشد ملک نے کی۔ سماعت میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے سابق میڈیا ایڈوئزرمیاں خرم رسول، قومی احتساب بیورو(نیب) اور دیگر فریقین پیش ہوئے۔
عدالت نے نیب کو گواہ پیش کرنے کا حکم دیا تاہم قومی احتساب بیورو آج بھی اپنا گواہ پیش نہیں کرسکا۔ جواب میں میاں خرم رسول کے وکیل محمد اقبال قریشی نے مؤقف اپنایا کہ میرا مؤکل سات سال سے عدالت میں پیش ہو رہا ہے لیکن نیب کیس ختم کرنا نہیں چاہتا۔
ملزم کے وکیل نے نیب کو مقدمہ میں تاخیر کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ آج 321ویں بار اس عدالت کے روبرو اڈیالہ جیل سے پیش ہوئے ہیں۔
احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کو گواہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کردی۔ تاہم جج محمد بشیر کی جانب سے انکار کے بعد کیس کی آئندہ سماعت احتساب عدالت نمبر دو میں جج ارشد ملک ہی کریں گے۔