عابد علی کا ریڈیو سے فلم تک کا سفر انہی کی زبانی


17 مارچ 1952ء کو پیدا ہونے والے عابد علی پاکستانی تفریحی صنعت کے ان چنیدہ ناموں میں شامل ہیں جنہیں اداکاری کی درسگاہ کا درجہ حاصل ہے۔عابد نے 19 سال کی عمر میں پی ٹی وی میں 65 سالہ بوڑھے کا کردار ادا کیا جسے بے حد پسند کیا گیا اور اس کے بعد انہوں نے ہر طرح کے کردار ادا کئے جنہیں بے حد سراہا گیا۔

عابد علی کو سات مرتبہ پی ٹی وی ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا. تاہم ان کے حصے میں دو پی ٹی وی ایوارڈزآئے۔

ڈرامہ، فلم اور تھیٹر کوئی ایسا میدان نہیں جہاں عابد علی نے اپنی صلاحیتوں کی روشنی نہ بکھیری ہو۔ اداکاری سے جنون کی حد تک محبت کرنے والے عابد علی کوئٹہ میں پیدا ہوئے، وہیں تعلیم حاصل کی اوراسلام آباد سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔

1970ء میں ریڈیو کوئٹہ سے بطور آر جے اپنے فنی سفر کی شروعات کیں، بعدازاں لاہورآگئے اور پی ٹی وی کے لاہور سینٹر سے1973ء میں اداکاری شروع کی۔

ان کا پہلا ڈرامہ’’ جھوک سیال‘‘ ناظرین نے بے حد پسند کیا بعد ازاں وہ یکے بعد دیگرے ڈراموں میں منفرد اور مختلف طرح کے کرداروں میں جلوہ گر ہونے لگے۔ وارث، ہزاروں راستے، پیاس، سورج کیساتھ ساتھ، دوریاں، دشت، دوسرا آسمان، پنجرا، ہوا پہ رقص، مہندی، تنہا تنہا، مورت، سہیلی، بری عورت، جہیز، کالا جادو، بنٹی آئی لو یو، رخصتی، دیارِ دل، بد گمان، کچھ نہ کہو، ناگن اوردلدل سمیت بے شمار دوسرے سیریلز میں آپ نے اپنی اداکاری سے لوگوں کو محظوظ کیا۔

چھوٹے پردے پر کامیابی کی بلندیوں کو چھونے کے بعد آپ نے سلور اسکرین کو بھی فتح کرتے ہوئے پاکستانی فلم انڈسٹری کو لگاتار بلاک بسٹر ہٹ فلمیں دیں جن میں خاک اور خون، آواز، سونے کی تلاش، غریبوں کا بادشاہ، کوبرا، کالے چور، فتح، بے تاب، صاحبہ، شیر پنجاب دہ، جنگل کا قانون، موسی خان، مسٹر بھٹی آن چھٹی ،نگینہ اور دیگر کئی فلمیں شامل ہیں۔

اداکاری کے ساتھ ساتھ عابد علی نے ڈائریکشن اور پروڈکشن کے میدانوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جس کی مثال ڈرامہ سیریل سہیلی اور ماسی اور ملکہ ہیں۔

عابد علی ’’گولڈ بریج میڈیا پروڈکشن ہاوس‘‘ کے نام سے اپنا پروڈکشن ہاؤس بھی چلارہے ہیں۔ ان کی دونوں صاحبزادیوں ایمان علی اور رحما علی نے والد کی طرح شوبز کے میدان میں اپنی حیثیت منوالی ہے۔ ان دنوں عابد علی کے سیاسی میدان میں سرگرم ہونے کی خبریں عام ہیں‘ انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا ہے۔

ہم نیٹ ورک کے ملکیتی مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین نے ان کا ایک انٹرویو کیا جسے پڑھنے والوں کی دلچسپی کے لئے یہاں پیش کیا جا رہا ہے:

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین :آپ کا پسندیدہ کھانا کون سا ہے؟
عابد علی: مجھے پلاؤ اور دال چاول کے علاوہ سی فوڈز نہایت پسند ہیں۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین: آپ کو پاکستان کے کون سے ریسٹورنٹ کا کھانا پسند ہے؟
عابد علی: مجھے ریسٹورنٹس جانا زیادہ پسند نہیں ہے۔ ہلکے پھلکے گھر کے کھانوں کی کیا ہی بات ہے۔ مجھے گھر کاکھانا زیادہ مرغوب ہے۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین :کیا آپ کو کھانا پکانا پسند ہے؟
عابد علی :جی ہاں! میں اکثر اوقات باورچی خانے کا رخ کرلیتا ہوں۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین :کون سے کھانے پکالیتے ہیں؟
عابد علی :میں بہت سارے کھانے پکالیتا ہوں ۔ میرے دوستوں کا خیال ہے کہ میں روش اور کڑاہی بہت اچھی بناتا ہوں۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین :کھانے کیلئے بہترین جگہ ڈائننگ ٹیبل ہے یا اپنا کمرہ؟
عابد علی :ڈائننگ ٹیبل۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین :آپ کے نزدیک ایک صحت مند خوراک کیا ہے؟
عابد علی :ہر کھانا صحت بخش ہوسکتا ہے اگر اسے ایک حد میں رہ کر کھایا جائے۔سبزیاں اور پھل ضرور کھائیں کیونکہ یہ ہماری صحت کے ضامن ہیں۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین :ہاتھ سے کھانا پسند کرتے ہیں یا چھری اور کانٹوں سے ؟
عابد علی :ہاتھ سے ۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین :دیسی کھانے پسند ہیں یا بددیسی ؟
عابد علی :دیسی ۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین : آپ کے فٹ رہنے کا کیا راز ہے؟
عابد علی :میں کم مقدار میں کھاتا ہوں اور خوب ساری ورزش کرتا ہوں۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین : بیرونی ملک جاکر وطن کی کیا چیز بہت یاد آتی ہے ؟
عابد علی : کوئی بھی نہیں کیوں کہ مجھے پتا ہے کہ مجھے وطن واپس لوٹنا ہی ہے۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین : آپ کے نزدیک سب سے کھانے کی سب سے کم قیمت جگہ کون سی ہے؟
عابد علی :ڈھابے !جہاں کھانے مزیدارہونے کے ساتھ کم قیمت بھی ہوتے ہیں۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین : کیا کھانوں کے نئے ذائقے پسند کرتے ہیں؟
عابد علی :ہاں مجھے پسند ہے نت نئے ذائقے چکھنا۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین : زندگی میں اب تک کھانے والی سب سے انوکھی ڈش کون سی ہے ؟
عابد علی :تھائی سوپ اور ٹوم یوم گوکنگ، یہ دونوں مختلف، منفرد ڈشیں مجھے بہت پسند بھی آئیں۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین : آپ کے خیال میں دنیا کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی ڈش کون سی ہے؟
عابد علی :نہاری۔

مصالحہ ٹی وی فوڈ میگزین : سڑکوں پر فروخت ہونے والا سب سے مزے دار کھانا؟
عابد علی :نرسری میں فروخت ہونے والے چپل بن کباب اور پنجاب میں ملنے والے دال کے لڈو‘ جو نمکین ہوتے ہیں۔


متعلقہ خبریں