اسلام آباد : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا (کے پی) پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں کے پی کابینہ کو حتمی شکل دینے پر غوروخوض کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے ارکان کے انٹرویوز مکمل ہو گئے ہیں، عمران خان نے مختلف ارکان کے انٹرویوز کئے اور وزارت سے متعلق سوال و جواب کر کے معلومات حاصل کیں، ابتدائی طور پر 20 ارکان کے ناموں کی منظوری متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صوبائی وزرا کو دوبارہ وزارتیں ملنے کا امکان ہے جبکہ شہرام خان تراکئی اور عاطف خان کو سینئر وزیر کا درجہ ملنے کا امکان ہے، اجلاس میں وزیراعلی خیبر پختونخواہ محمود خان اور نعیم الحق سمیت دیگر راہنما شریک ہوئے۔
خیبرپختونخوا کی حکمراں جماعت میں اندرونی دھڑے بندی کی وجہ سے کابینہ کا حتمی فیصلہ تاخیر کا شکار ہو گیا تھا جس کے باعث پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اس معاملے کو خود دیکھنے کا فیصلہ کیا۔