امریکی محکمہ خارجہ نے ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق مصدقہ معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 2 کروڑ ڈالر تک انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ خارجہ کے ’ریوارڈز فار جسٹس‘ پروگرام کے تحت ایران کے جوہری پروگرام، حساس تنصیبات، آلات، سائنس دانوں اور اس سے وابستہ اہلکاروں کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کو انعام کے ساتھ ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سہولت بھی دی جا سکتی ہے۔
Rewards for Justice is offering a reward of up to $20 million and possible relocation for information about Iran’s nuclear program, including its facilities, equipment, and associated personnel, such as those in the scientific community, or the movement of any of the above.
Submit a tip: https://t.co/A8uRQJSosj
— U.S. Central Command (@CENTCOM) November 7, 2026
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق اس پیشکش کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے سے روکنا ہے۔
معلومات فراہم کرنے کے خواہش مند افراد کو ’سگنل‘ جیسی محفوظ اور خفیہ پیغام رسانی کی ایپ کے ذریعے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان کی شناخت اور فراہم کردہ معلومات کو محفوظ رکھا جا سکے۔
یہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار دعویٰ کر چکے ہیں کہ امریکی حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو ”مکمل طور پر تباہ“ کر دیا ہے۔ تاہم ان کی انتظامیہ کی جانب سے اب اسی پروگرام سے متعلق معلومات کے لیے بھاری انعام کا اعلان اس معاملے پر مزید انٹیلی جنس معلومات حاصل کرنے کی امریکی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے 2025 میں بتایا تھا کہ ایران یورینیم کی افزودگی 60 فیصد تک کر رہا تھا، جو جوہری ہتھیاروں میں استعمال ہونے والی 90 فیصد افزودگی کی سطح سے زیادہ دور نہیں۔ ایجنسی نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بعض اہم معلومات، بالخصوص سینٹری فیوجز کی تیاری اور ذخیرے کے بارے میں معلومات کے تسلسل میں بھی کمی کی نشاندہی کی تھی۔
دوسری جانب ٹرمپ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور تہران معاہدہ کرنے کا خواہش مند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کی فوجی اور اقتصادی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے تاہم وہ جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے اسی روز ایران کے جزیرے قشم کے قریب امریکی حملوں کی بھی تصدیق کی، تاہم انہیں محدود نوعیت کی کارروائی قرار دیا۔
واضح رہے کہ ’ریوارڈز فار جسٹس‘ پروگرام 1984 میں شروع کیا گیا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس پروگرام کے تحت اب تک 125 سے زائد افراد کو مجموعی طور پر 25 کروڑ ڈالر سے زیادہ کے انعامات دیے جا چکے ہیں۔



