امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی علاقائی صورتحال، بڑھتی کشیدگی اور سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ کے خاتمے کے لیے قطر ماضی میں بھی کئی مرتبہ سفارتی ثالثی کی کوششیں کر چکا ہے جبکہ اب ایک بار پھر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دور کرانے کے لیے متحرک ہے، 30 اکتوبر اور 2 نومبرکو بھی قطری ثالثی وفد نے تہران کا دورہ کیا، جہاں ایرانی حکام سے تین گھنٹے طویل ملاقات میں کشیدگی کم کرنے اور تجاویز کے تبادلے پر گفتگو ہوئی تھی۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق قطری امیری دیوان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اورباہمی تعاون کے امور پر بھی گفتگو کی جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران قطر کی ثالثی کوششوں اورمذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے اختلافات کم کرنے اورایک جامع معاہدے تک پہنچنے کیلئے مذاکرات کی حمایت کا اظہار کیا۔
Trump holds phone call with war mediator Qatar Emir https://t.co/cJCjsrgeqE
— Ahram Online (@ahramonline) November 6, 2026
قطری امیری دیوان کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پرزور دیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مزید کشیدگی روکنے اورخطے میں امن واستحکام برقرار رکھنے کی اہمیت پراتفاق کیا۔
گفتگو میں بحری آمدورفت کی آزادی برقراررکھنے اورتوانائی کی فراہمی کا تسلسل یقینی بنانے کی اہمیت پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پرزوردیا کہ خطے میں مزید کشیدگی سے بچنے کے لئے سفارتی رابطے اورمذاکرات جاری رہنے چاہئیں۔
یہ ٹیلیفونک رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اورعلاقائی تنازعات کے حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں اور قطر بھی ثالثی کے ذریعے مذاکرات آگے بڑھانے میں کردارادا کررہا ہے۔



