مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
مالدیپ کے صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کا دورہ پاکستان 11 سال بعد کسی مالدیپی صدر کا پہلا سرکاری دورہ ہے، اس سے قبل مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے 6 سے 7 مئی 2015 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا تھا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ آمد پرروایتی لباس میں ملبوس بچوں نے مالدیپ کے صدر کو پھول پیش کیے، مالدیپ کی خاتون اول ساجدہ محمد بھی صدر کے ہمراہ ہیں جبکہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے، جس میں کابینہ کے وزرا سمیت دیگر حکام شامل ہیں۔
President of the Maldives, Dr. Mohamed Muizzu, has arrived in Islamabad on a three-day state visit to Pakistan
@ForeignOfficePk @MMuizzu @PakPMO @GovtofPakistan
#RadioPakistan #News
https://t.co/NR9kVDTegK https://t.co/IZMVRQ5UCb— Radio Pakistan (@RadioPakistan) October 20, 2026
دورے کے دوران مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں طے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے، جن میں دونوں ممالک کے تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مذاکرات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ صحت، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سماجی روابط کو مزید فروغ دیا جاسکے۔
مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور خاتون اول تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
#MaldivesPresident #MohamedMuizzu #Islamabad #PakistanMaldivesRelations https://t.co/YAnkpT84HT— APP (@appcsocialmedia) October 20, 2026
دونوں ممالک کے درمیان زراعت، دفاع، بحری سلامتی اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت ہوگی۔ اس ضمن میں باہمی تجربات سے استفادہ کرنے اور مشترکہ دلچسپی کے معاملات پر تعاون کو آگے بڑھانے کے امور زیر غور آئیں گے۔
دورے کے دوران پاکستان اور مالدیپ کے درمیان عوامی سطح پر روابط بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
مالدیپ کے صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔
اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے ذریعے دوطرفہ شراکت داری کو وسعت دینے اور علاقائی و عالمی معاملات پر رابطے مضبوط بنانے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔


