پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک کر دیئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں میں 23 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، 25 ستمبر کو نوشکی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں 11 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان میں اب تک 33 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک ہوئے، سکیورٹی فورسز نے متعدد دہشتگردوں کے ٹھکانے کلیئر کر دیئے، اور دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔
اس کے علاوہ مَند میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کرکے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد ہلاک کرکے وسیع علاقے کو دہشتگردوں سے کلیئر کر لیا، جبکہ نوشکی آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
بھارتی حمایت یافتہ افغان پراکسیز کو بڑا دھچکا
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان اور دیگر علاقوں میں کارروائیوں سے بھارتی حمایت یافتہ افغان پراکسیز کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کے خلاف جنگ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت بھرپور عزم سے جاری رہے گی۔سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے آپریشنز سے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔
وزیر داخلہ نے دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک آپریشنزجاری رہیں گے۔



