کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی جس میں فیس بک اور انسٹاگرام کی تصاویر، ویڈیوز اور ریلز براہ راست واٹس ایپ پر شیئر کی جاسکیں گی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو کے مطابق اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژنز میں کراس شیئرنگ فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں میڈیا پِکر کھولنے پر صارفین کو دستیاب میڈیا سورسز کی فہرست میں فیس بک اور انسٹاگرام بھی دکھائی دیں گے، جہاں سے صارفین اپنی اسٹوریز، پوسٹس اور ریلز منتخب کرکے واٹس ایپ پر شیئر کرسکیں گے۔
فیس بک اور انسٹاگرام کا دستیاب میڈیا گرڈ کی شکل میں دکھایا جائے گا، جس سے مطلوبہ تصویر، ویڈیو یا ریل منتخب کرنا آسان ہو گا۔
یہ فیچر فی الحال محدود بیٹا صارفین کے لیے آزمائشی مرحلے میں ہے، جبکہ عام صارفین کے لیے اس کی دستیابی کی حتمی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی۔
پرائے پیغامات تلاش کرنے کا عمل مزید آسان
اس سے قبل واٹس ایپ نے چیٹ میں پرانے پیغامات تلاش کرنے کا عمل بھی مزید آسان کر دیا ہے۔ جس میں آئی فون صارفین کے لیے نیا سرچ شارٹ کٹ متعارف کرایا گیا ہے۔
دی ورج کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے نئے فیچر کے ذریعے صارفین کو کسی چیٹ میں سرچ کرنے کے لیے چیٹ سے باہر جاکر معلومات والے صفحے پر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ سرچ آپشن اب صرف ایک ٹیپ کی دوری پر ہو گا۔
اس سے قبل کسی مخصوص چیٹ میں پرانا پیغام تلاش کرنے کے لیے صارف کو پہلے چیٹ کا انفارمیشن اسکرین کھولنا پڑتا تھا، جہاں سے سرچ آپشن منتخب کرنے کے بعد دوبارہ چیٹ میں سرچ موڈ کھلتا تھا، نئے شارٹ کٹ سے یہ اضافی مراحل ختم کر دیے گئے ہیں۔



