دبئی: میٹا نے واٹس ایپ، انسٹاگرام، فیس بک اور میٹا اے آئی صارفین کیلئے نئی سبسکرپشن سروس ’’میٹا ون‘‘ متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت بنیادی ایپس مفت استعمال کرنے کے ساتھ صارفین اضافی فیچرز اور سہولیات کیلئے ماہانہ فیس ادا کرسکیں گے۔
گلف نیوزکے مطابق میٹا ون کے تحت انفرادی صارفین، کریئیٹرز اور کاروباری اداروں کیلئے مختلف سبسکرپشن پلانز پیش کیے گئے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی سروس میں چاروں پلیٹ فارمز کیلئے 50 سے زائد فیچرزشامل کیے گئے ہیں جبکہ مستقبل میں ایڈٹس، اے آئی گلاسزاوردیگرمصنوعات کیلئے بھی اضافی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
میٹا ون کو متعارف کرانے کا بنیادی مقصد صارفین کو دستیاب انسٹا گرام پلس، فیس بک پلس اور واٹس ایپ پلس سبسکرپشن پلانز کے 50 سے زائد فیچرز کو ایک جگہ فراہم کر نا ہے۔
ابھی تک ان تینوں سروسز کے سبسکرپشن پلانز استعمال کرنے والوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے زائد ہے۔
اگر آپ کانٹینٹ کریٹیر ہیں اور تینوں سروسز کے مشترکہ بنڈل کے سبسکرائبر بننا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ماہانہ فیس 1750 روپے سے شروع ہوگی۔ اور اگر صرف ایک سروس کو سبسکرائب کرانا چاہتے ہیں تو اس کی ماہانہ فیس 299 روپے ہوگی۔
میٹا کا مستقبل میں چیٹ اورمیڈیا بیک اپ کیلئے اضافی اسٹوریج اور ’’فوکس شیڈولز‘‘ بھی آزمائشی طور پرمتعارف کرانے کا منصوبہ ہے، جس کے ذریعے صارفین مخصوص اوقات میں چیٹس کو میوٹ یا چھپا سکیں گے۔
میٹا کے مطابق سبسکرپشن کی قیمتیں اوردستیاب فیچرز خطے، ایپ اورصارف کے اکاؤنٹ کے لحاظ سے مختلف ہوسکتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ، انسٹاگرام، فیس بک اورمیٹا اے آئی کی بنیادی روزمرہ سہولیات بدستورمفت دستیاب رہیں گی جبکہ پیڈ پلانزاضافی فیچرزاوروسیع تراے آئی رسائی کے خواہش مند صارفین کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔



