پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے ڈیفنس میں ہیوی موٹر سائیکل چلا کر سب کو حیران کردیا۔
اداکارہ نے بغیر کسی نمایاں سیکیورٹی کے عام لوگوں کے درمیان نئے ماڈل کی ہیوی موٹر سائیکل پر سوار ہوکر اپنی نئی فلم ’’شیروز‘‘ کی پروموشنل تقریب میں منفرد انداز سے انٹری دی۔
زارا نور عباس نے سن گلاسز لگا رکھے تھے اور ہیوی بائیک پران کی آمد نے تقریب میں موجود افراد کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
اداکارہ کی موٹر سائیکل پر انٹری کی ویڈیو اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئیں۔
تقریب کے موقع پر موجود میڈیا نمائندوں نے زارا نور عباس سے فلم ’’شیروز‘‘ کے حوالے سے مختلف سوالات کیے اور فلم کی کہانی، کرداروں اور دیگر تفصیلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زارا نور عباس نے فلم ’’شیروز‘‘ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فلم میں تین ہیروئنز شامل ہیں، جن میں ان کے علاوہ اداکارہ کنزہ ہاشمی اور اشنا شاہ بھی شامل ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ فلم ’’شیروز‘‘ میں ہم سب ہیرو بھی ہیں اور ہیروئن بھی، انہوں نے مداحوں کو فلم دیکھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم 2 اکتوبر کوسنیما گھروں میں دھوم مچانے آ رہے ہیں۔
زارا نورعباس کی منفرد انداز میں پروموشنل تقریب میں آمد نے فلم ’’شیروز‘‘ کی تشہیری مہم کو بھی توجہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جبکہ تقریب میں میڈیا کی جانب سے فلم کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے گئے۔



