گلگت: جی بی اے 16 دیامر 2 کے انتخابی تنازع میں سپریم اپیلیٹ کورٹ نے فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے سید امام مالک کی جانب سے دائر اپیل پرالیکشن ٹریبونل کا حکم برقرار رکھتے ہوئے انتخابی عمل سے متعلق قانونی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
سپریم اپیلیٹ کورٹ نے پوسٹل بیلٹس کی گنتی اورکنسولیڈیشن کا عمل برقراررکھنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے الیکشن ٹریبونل کو ہدایت کی کہ آئندہ ہفتے فریقین کو طلب کرکے ان کے اعتراضات سنے جائیں اور قانون کے مطابق کارروائی مکمل کی جائے۔
عدالت نے الیکشن ٹریبونل کو ہدایت کی کہ فریقین کے اعتراضات سننے اورقانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد حتمی کارروائی مکمل کی جائے اس کے بعد نتیجہ چیف الیکشن کمشنرکو جاری کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دستیاب حتمی فارم 49 کے مطابق جی بی اے 16 دیامر 2 میں عطاء اللہ شاہ 6 ہزار 618 ووٹ لے کرآگے ہیں جبکہ سید امام مالک نے 6 ہزار 605 ووٹ حاصل کیے ہیں یوں عطاء اللہ شاہ کو 13 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔
انتخابی نتائج سے متعلق تنازع کے باعث معاملہ پہلے الیکشن ٹریبونل میں زیرسماعت رہا، جس کے حکم کے خلاف سید امام مالک نے سپریم اپیلیٹ کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
سپریم اپیلیٹ کورٹ کے فیصلے کے بعد انتخابی تنازع اب ایک اہم قانونی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔
الیکشن ٹریبونل فریقین کے اعتراضات سننے کے بعد قانونی کارروائی مکمل کرے گا، جس کے نتیجے میں حلقے کا حتمی انتخابی معاملہ مزید واضح ہوگا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق پوسٹل بیلٹس کی گنتی اورکنسولیڈیشن کا عمل برقرار رہے گا اورفریقین کو اپنے اعتراضات پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا، قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد نتیجہ چیف الیکشن کمشنر کو بھجوایا جائے گا۔



