ملتان: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جہاز مریم نواز کا نہیں، پنجاب حکومت کا ہے ، جہاز گھر لے کر نہیں جاؤں گی، جہاز کے پونے 3 کروڑ روپے کے اخراجات خود ادا کیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ملتان اور جنوبی پنجاب کا نقشہ بدل کر رکھ دیں گے، پنجاب میں رہنے والا ہر شخص ان کی ذمہ داری ہے۔ ملتان میں گرین الیکٹرک بس سروس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان کے عوام نے جس محبت اور شفقت سے ان کا استقبال کیا اسے وہ ساری زندگی یاد رکھیں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ ملتان کے عوام کو مبارکباد دیتی ہوں کہ آج شہر میں گرین الیکٹرک بس کا افتتاح ہوگیا ہے، ملتان میں اس وقت 60 گرین بسوں سے آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ چند ہفتوں میں شہر میں 160 گرین بسیں چلیں گی۔ یہ بسیں ملتان کے تمام روٹس پر چلائی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق گرین بس کا کرایہ 20 روپے رکھا گیا ہے، جبکہ خواتین، طلبہ، 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور معذور افراد کے لیے سفر مفت ہوگا، معذور افراد کی سہولت کے لیے بسوں میں خصوصی ریمپ اور ویل چیئرز بھی فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرین بسیں ایئرکنڈیشنڈ ہیں، ان میں مفت وائی فائی اور موبائل چارجنگ کے لیے ہر سیٹ کے ساتھ چارجنگ پورٹس موجود ہیں۔ خواتین کے تحفظ کے لیے بسوں کو سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ صبح کے اوقات میں بڑی تعداد میں طلبہ ان بسوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں کیونکہ ان کے لیے سفر مفت ہے۔ دور دراز علاقوں میں محفوظ ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث والدین اپنی بچیوں کو تعلیم کے لیے کالج اور یونیورسٹی بھیجنے سے گریز کرتے تھے، تاہم اب پنجاب میں ایسا منظر نظر نہیں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے چند افراد پنجاب پر حملہ کرنے آئے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا تماشا لگانے کیلئے زبردستی پولیس کی گاڑی میں بیٹھ گئے، خیبر پختونخوا سے آنے والوں کا لاہور کا دورہ ناکام رہا۔
امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی ہے، آپ کی حفاظت کیلئے کتنے سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکار شہید ہوئے،امن و امان کی صورتحال کو اپنے سینے پر بوجھ رکھ کر بہتر کیا ہے۔
پنجاب میں 5 ہزار الیکٹرک بسوں کا ہدف
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چند ہفتوں میں پنجاب میں 1100 گرین بسیں پہنچ جائیں گی جبکہ مالی سال 2026-27 کے اختتام تک 3 ہزار الیکٹرک بسیں عوام کی خدمت میں موجود ہوں گی، انہوں نے کہا کہ تین سال میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بسیں ان علاقوں میں بھی چلائی جا رہی ہیں جہاں عوام نے کبھی سرکاری ٹرانسپورٹ کا تصور نہیں کیا تھا، 20 روپے میں سفر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ پنجاب کی تقریباً نصف آبادی مفت سفر کر رہی ہے۔
ملتان وہاڑی روڈ کی تعمیر کا حوالہ
مریم نواز نے ملتان ویاڑی روڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 83 کلومیٹر طویل سڑک کو دونوں اطراف ملا کر تقریباً 180 کلومیٹر بنتی ہے۔ اس سڑک کو ماضی میں خراب حالت کے باعث کرسڈ روڈ اور قاتل روڈ کہا جاتا تھا اور ملتان سے ویہاڑی پہنچنے میں ڈھائی گھنٹے لگتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً 35 ارب روپے کی لاگت سے یہ سڑک ایک سال میں مکمل کی گئی، جس کے بعد سفر کا دورانیہ ایک گھنٹے سے بھی کم رہ گیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ان کے پاس حکومت کے ڈھائی سال ہیں اور وہ ملتان اور جنوبی پنجاب کا نقشہ بدل دیں گی۔
ملتان میں کینسر اسپتال، جدید پیٹ سکین مشین نصب
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ خطاب سے قبل انہوں نے ملتان میں کینسر اسپتال کا افتتاح کیا، ان کے مطابق اس اسپتال میں ملتان ڈویژن کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، خیبر پختونخوا، اندرون سندھ اور بلوچستان سے بھی مریض علاج کے لیے آ رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ دنیا کی مہنگی ترین مشینوں میں شمار ہونے والی پیٹ سکین مشین، جس کی مالیت ڈیڑھ ارب روپے سے زائد ہے، ملتان میں نصب کی گئی ہے۔ ان کے مطابق ملتان سے قبل یہ سہولت صرف پی کے ایل آئی لاہور میں موجود تھی۔
انہوں نے بتایا کہ میو ہسپتال لاہور میں نصب کی گئی مشین سے اب تک تقریباً 100 مریضوں کے کینسر ٹیومر کا علاج کیا جاچکا ہے۔ مریم نواز کے مطابق اس علاج کی فی مریض لاگت تقریباً 16 سے 28 لاکھ روپے ہے لیکن مریضوں کو یہ سہولت مفت فراہم کی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملتان میں نصب ہونے والی دوسری مشین سے دو خواتین کا علاج بھی ہوچکا ہے، ان کے مطابق ایک خاتون، جو آٹھ ماہ سے بریسٹ کینسر میں مبتلا تھیں، کا تقریباً 45 منٹ میں علاج کیا گیا۔
پنجاب کے ہر ڈویژن میں کینسر اسپتال بنانے کا اعلان
مریم نواز نے اعلان کیا کہ اگلے 12 ماہ میں پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ایک جدید کینسر اسپتال فعال ہوگا، انہوں نے کہا کہ بچوں اور بڑوں کے لیے مفت دل کی سرجریاں بھی کی جا رہی ہیں جبکہ جناح کارڈیالوجی سمیت صحت کے شعبے میں مزید منصوبے جاری ہیں۔
طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اور نجی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے اس سال ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بائیکس کے لیے 8 لاکھ رجسٹریشن ہوچکی ہیں جبکہ 3 لاکھ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، خواتین کے لیے ڈاؤن پیمنٹ ختم کردی گئی ہے جبکہ ماہانہ قسط 3 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ کے باعث پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہوا ہے اور مہنگائی بڑھی ہے، اسی لیے وہ نہیں چاہتیں کہ الیکٹرک بائیکس کی اقساط عوام کی جیب پر بوجھ بنیں، طلبہ 4 اکتوبر تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
اپنی چھت اپنا گھر، 5 لاکھ گھروں کا ہدف
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت گزشتہ ڈھائی سال میں 2 لاکھ سے زائد گھر بن چکے ہیں جبکہ ان کی کوشش ہے کہ پانچ سال میں کم از کم 5 لاکھ بے گھر افراد کو گھر فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اب کمزور چھتوں کو مضبوط بنانے کے لیے بھی درخواستیں لی جا رہی ہیں اور ایسے خاندانوں کو 5 لاکھ روپے تک فراہم کیے جائیں گے تاکہ بارش یا آندھی کے باعث چھت گرنے سے جانی نقصان نہ ہو۔
ان کے مطابق اپنی زمین اپنا روزگار پروگرام کے تحت پنجاب میں 30 ہزار افراد کو ریاستی زمین 20 سال کی لیز پر بلا معاوضہ دی جا رہی ہے جبکہ انہیں بیج اور کھاد کی خریداری کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
300 اسکول آف ایمیننس بنانے کا منصوبہ
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں 300 اسکول آف ایمیننس بنائے جا رہے ہیں، جن میں سے تقریباً 150 مکمل ہوچکے ہیں، ہر تحصیل میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے ایک ایک اسکول قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض اسکولوں میں جہاں پہلے صرف چار یا پانچ بچے زیر تعلیم تھے، وہاں اب طلبہ کی تعداد 2 ہزار تک پہنچ چکی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ان اسکولوں میں معیاری تعلیم مفت فراہم کی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ سال پنجاب میں 10 کروڑ افراد کا مفت علاج کیا گیا جبکہ 10 لاکھ سے زائد افراد کو ان کے گھروں پر دل، کینسر، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی سمیت مختلف بیماریوں کی دو ماہ کی ادویات مفت پہنچائی گئیں۔
پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا ذکر
مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں پنجاب میں 50 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنائی گئی ہیں، نئی سیوریج اور ڈرینیج لائنیں بچھائی گئی ہیں اور زیر زمین اسٹوریج ٹینک تعمیر کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے پنجاب کے صرف پانچ شہروں میں واسا موجود تھی، تاہم اب صوبے کے تمام 40 اضلاع میں واسا قائم کردی گئی ہے، ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت 2 لاکھ افراد گلیوں، محلوں، دیہات اور شہروں کی صفائی پر مامور ہیں۔
جہاز کے استعمال پر تنقید کا جواب
وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری جہاز کے استعمال پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ وزیراعلیٰ پنجاب کا جہاز ہے اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو یہ سہولت حاصل ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے انہوں نے سرکاری جہاز استعمال کیا، تاہم تقریباً پونے تین کروڑ روپے کا کرایہ اپنی جیب سے ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ سرکاری جہاز ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرکے اخراجات قومی خزانے سے ادا کرتے ہیں، ان پر بات نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے بعد صرف عوام کو جوابدہ ہیں، کسی ولاگر یا یوٹیوبر کو نہیں۔
مریم نواز کا عوام سے ووٹ کے ذریعے فیصلہ کرنے کا بیان
مریم نواز نے کہا کہ جب وہ حکومت چھوڑ کر جائیں گی تو عوام ان کی کارکردگی کا فیصلہ کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی خدمت منظور ہو تو ووٹ دے دینا، ورنہ کوئی بات نہیں، وہ ہمیشہ کے لیے وزیراعلیٰ نہیں رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ دن رات کام کرتی ہیں اور ان کا دفتر مسلسل چلتا رہتا ہے، چاہے وہ مری میں ہوں، لندن میں ہوں، گاڑی میں ہوں یا جہاز میں، ان کے بقول یہ دفتر نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے۔



