وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واضح کیا ہے کہ ٹیکس کے معاملے میں کسی کے ساتھ خصوصی رعایت نہیں برتی جا رہی، تنخواہ دار طبقے پر کوئی نیا اضافی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔
لندن میں پاکستان انویسٹمنٹ راؤنڈ ٹیبل سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت معیشت کے استحکام اور پائیدار معاشی ترقی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، نجی شعبے کو زیادہ مواقع دینے کیلئے مختلف شعبوں میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
معیشت کے استحکام اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔۔۔حکومتی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔۔۔سرکاری اداروں میں اصلاحات کے ساتھ نجکاری کے عمل کو بھی آگے بڑھایا جا رہا ہے۔۔۔بجٹ خسارے میں کمی اور حکومتی آمدن میں اضافہ ہوا ہے ۔۔۔ٹیکس کے معاملے میں کسی… pic.twitter.com/dlVvjecpUS
— PTV News (@PTVNewsOfficial) September 17, 2026
حکومتی مالی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، حکومتی آمدن میں اضافہ اور مالی و ادارہ جاتی اصلاحات میں پیشرفت ہوئی، سرکاری اداروں میں اصلاحات اور نجکاری کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
وزیر خزانہ کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ معاشی ترقی کیلئے ٹیکس بیس وسیع کرنا اور قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے،ٹیکس حکام کے صوابدیدی اختیارات ختم کر دیئے گئے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ سیلاب اور مشرقِ وسطیٰ کی جنگ سے پاکستانی معیشت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی دوبارہ بڑھ رہی ہے،
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے تمام جائزے مقررہ وقت پر کامیابی سے مکمل کیے ہیں جبکہ کریڈٹ ریٹنگ میں 3 مرتبہ بہتری آئی ہے۔

