اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کوانٹم ویلی پاکستان کی لانچنگ سے نوجوانوں کے لیے ٹیکنالوجی میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
کوانٹم ویلی پاکستان کی لانچنگ تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزراء احسن اقبال اور عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ جبکہ تقریب کے دوران مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوانٹم ویلی پاکستان کو عالمی ٹیکنالوجی نظام سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ اور کوانٹم ویلی پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبے میں نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی جبکہ اسٹارٹ اپس اور ہائی ٹیک کاروبار کے فروغ کی راہ ہموار ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ کوانٹم ویلی پاکستان کی لانچنگ قابل فخر لمحہ ہے، اور یہ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ قومی ترقی کے سفر کو 21ویں صدی کے تقاضوں سے جوڑنا ہو گا، جبکہ کوانٹم ویلی پاکستان کی لانچنگ ایک سمت کی جانب سفر کا آغاز ہے۔
وفاقی وزیر نے معرکہ حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’معرکہ حق‘‘ میں پاکستان کو کامیابی ملی، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں کیں، جس کے بعد دنیا پاکستان کی سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد پوری دنیا کی نگاہوں کا مرکز بنا ہوا ہے، اور “معرکہ حق” میں کامیابی سے پاکستان کو دنیا میں نئی پہچان ملی۔
احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ ایران امریکا جنگ بندی کے لیے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو گزشتہ دو سالوں میں بھرپور کامیابیوں سے نوازا۔


