کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کو عملی شکل دینے کے لیے سڑکوں پر آنے کا اعلان کر دیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے ایوانوں اور سیاسی فورمز پر اپنا مؤقف پیش کردیا، اب سڑکوں پر اپنی طاقت دکھانے کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پہلے مرحلے میں اگلے اتوار کو ضلع وسطی کراچی میں ریلی اور احتجاج کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم کراچی کو الگ صوبہ بنانے کی بات نہیں کر رہی بلکہ پورے ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی خواہاں ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کے ساتھ لاہور، پشاور، ملتان اور لاڑکانہ سمیت دیگر شہروں میں بھی نئے صوبوں کی بات کی جائے گی۔ نئے صوبوں کا مطالبہ کسی فرد یا پارٹی سربراہ سے زیادہ اہم ہے، ہماری طاقت وزارتیں یا نشستیں نہیں بلکہ سڑکیں ہیں اور اب فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی اختیارات کا مطالبہ واپس لیتے ہیں، اب صوبہ لیں گے اور اس کے بعد اپنا بلدیاتی قانون خود بنائیں گے۔ پاکستان کسی صورت تقسیم نہیں ہوسکتا، تاہم صوبوں کی تقسیم اور نئے انتظامی یونٹس کا قیام ممکن ہے۔
خواتین کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ قدم آگے بڑھائیں، ایم کیو ایم ان کے ساتھ ہے اور اگلے اتوار کو دن کے وقت کراچی کی سڑکوں پر نکلیں گے۔


