لاہور: لارڈز ٹیسٹ کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا گیا، ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بالنگ کوچ عمر گل کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سونپی جائے گی، جبکہ وائٹ بال ٹیم کے بالنگ کوچ ایشلے نوفکے بھی ٹیسٹ ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد اور عمر گل دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے، تاہم کوچنگ اسٹاف سے متعلق حتمی فیصلے نئی مینجمنٹ کرے گی۔
دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ میں ممکنہ تبدیلیوں پر بھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جلد اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق انگلینڈ دورے میں مایوس کن کارکردگی کے بعد تیسرے ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔ لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم مینجمنٹ کا اجلاس ہوا جس میں وکٹ کیپربلے باز محمد رضوان اور امام الحق کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امام الحق کی پنڈلی کی انجری کا لاہور میں دوبارہ معائنہ ہو گا، قومی اسکواڈ میں صائم ایوب اور عرفات منہاس کی شمولیت کا امکان ہے، فاسٹ بالر رضا اللہ اور عمران جونیئر کو بھی انگلینڈ طلب کر لیا گیا، مانچسٹرٹیسٹ میں غازی غوری کی بطور وکٹ کیپر شمولیت متوقع ہے۔
واضح رہے انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ قومی ٹیم 389 رنز کے تعاقب میں 194 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ اس سے قبل لیڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں بھی انگلینڈ نے پاکستان کو اننگ اور 103 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تسیرا اور آخری ٹیسٹ میچ 9 ستمبر سے برمنگھم میں شروع ہوگا۔


