میئر کراچی اور پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منگنی اور شادی سے متعلق رپورٹس کو غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری یا ان کے خاندان کی جانب سے اس معاملے پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
مرتضیٰ وہاب نے ہفتے کی رات دیر گئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وضاحت جاری کی، جس کے بعد یہ بیان سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر رپورٹس گردش کرنے لگیں کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور صدر آصف علی زرداری کے صاحبزادے کی شادی ایک یورپی خاندان میں ہونے والی ہے۔
The news story regarding Chairman Bilawal Bhutto Zardari’s engagement or wedding is incorrect and unfounded
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) August 29, 2026
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر آصف علی زرداری اپنے بیٹے کی شادی کے حوالے سے بات چیت اور تاریخ طے کرنے کے لیے ‘لیختن اسٹائن’ گئے ہیں، جو سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا کے درمیان واقع ایک چھوٹی خودمختار ریاست ہے۔
یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ بلاول کی ہونے والی دلہن آسٹریا کی سابق شہزادی ہیں۔
روزنامہ اوصاف نے بھی نامعلوم ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ 38 سالہ بلاول کی شادی کی تیاریاں جاری ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر زرداری اس سلسلے میں نجی دورے پر یورپ گئے ہوئے ہیں۔
بعد ازاں یہ رپورٹ حذف کردی گئی۔
27 اگست کو صدرِ مملکت کے دفتر نے ایکس پر جاری بیان میں کہا تھا کہ آصف علی زرداری نجی دورے پر بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بلاول بھٹو کی شادی سے متعلق خبریں زیر گردش رہی ہیں۔ سال 2024 میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایک صحافی نے بلاول بھٹو زرداری سے ان کی شادی سے متعلق پوچھا تھا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ یقیناً میرا شادی کرنے کا پروگرام ہ مگر انہوں نے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی تھی۔
