کوٹ ڈیجی: میرواہ کینال میں رکشہ ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں تین بھائیوں سمیت چار بچے لاپتہ ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت نہر میں لاپتہ بچوں کی تلاش شروع کردی۔
پولیس کے مطابق میرواہ نہر میں ڈوبنے والے چار بچوں میں سے ایک بچے کی لاش نکال لی گئی ہے، جبکہ مزید تین بچوں کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
لاپتہ بچوں کی تلاش کے لیے مقامی افراد کی جانب سے نہر کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ اہل خانہ اور علاقہ مکین بچوں کی تلاش کے لیے نہر کے اطراف موجود ہیں، مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت نہر میں اتر کر لاپتہ بچوں کو تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
پولیس کے مطابق مزید لاپتہ بچوں کی تلاش جاری ہے اور نہر کے مختلف حصوں کو چیک کیا جارہا ہے۔ حکام نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔
واقعے کے باعث علاقے میں سوگ اور افسوس کی فضا ہے، جبکہ اہل خانہ اپنے پیاروں کی بحفاظت بازیابی کے منتظر ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق تلاش کا عمل جاری ہے اور مزید پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کوٹ ڈیجی کے میرواہ کینال میں بچوں کے ڈوبنے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو نہر میں ڈوبنے والے لاپتہ بچوں کی تلاش کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی، غوطہ خوروں کی ٹیمیں فوری طور پر متحرک کی جائیں اور لاپتہ بچوں کی تلاش کا عمل تیز کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر سکھر سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
انہوں نے بچوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

