کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ نے سائنس جنرل گروپ بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان کردیا۔
سائنس جنرل گروپ میں نجی کالج کی طالبہ جنت بنت علی دوست نے 1100 میں سے 1005 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔
آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالب علم حمزہ شکیل 1003 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ بحریہ کالج کی طالبہ لائبہ ذوالفقار 989 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں مجموعی طور پر 18 ہزار 591 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 10 ہزار 511 امیدوار کامیاب قرار پائے۔
امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 56.54 فیصد رہا۔ نتائج کے مطابق 748 امیدواروں نے اے ون جبکہ 2193 امیدواروں نے اے گریڈ حاصل کیا۔
انٹر بورڈ کراچی کے مطابق سائنس جنرل گروپ کے بارہویں جماعت کے نتائج ویب سائٹ اور بورڈ کی آفیشل اینڈرائیڈ ایپ پر جاری کردیئے گئے ہیں۔ امیدوار اپنے نتائج آن لائن چیک کرسکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نتائج جاری ہونے کے بعد طلبہ اپنی کارکردگی اور حاصل کردہ گریڈ کی تفصیلات ویب سائٹ یا اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے دیکھ سکتے ہیں۔


