سکھر: سکھر تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کلاس کے پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس کے نتائج جاری کر دیئے۔
پری میڈیکل گروپ میں کئی سال بعد پہلی اور دوسری پوزیشن پر دو، دو طلبہ نے مشترکہ طور پر کامیابی حاصل کی۔ اسلامیہ کالج سکھر کے محمد احمد شیخ اور ڈگری کالج گمبٹ کی نورالنسا نے 1008، 1008 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
بوائز ڈگری کالج ڈہرکی کے روشن میگھواڑ اور اسلامیہ کالج گھوٹکی کی ام کلثوم نے 1007، 1007 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ گرلز ڈگری کالج سکھر کی ماریہ بانو نے 1006 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پری میڈیکل گروپ میں مجموعی طور پر 31 ہزار 736 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 26 ہزار 341 کامیاب جبکہ 5 ہزار 395 ناکام ہوئے۔ امتحانات کے دوران 394 طلبہ و طالبات کے کاپی کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔
دوسری جانب پری انجینئرنگ گروپ میں مہران ماڈل کالج پنو عاقل کی انمول اسد نے 1010 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ کیریئر کالج گھوٹکی کے ساگر کمار نے 1008 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ ڈگری کالج گمبٹ کے عمیر گلاب نے 1007 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں مجموعی طور پر 12 ہزار 868 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 10 ہزار 272 کامیاب جبکہ 2 ہزار 596 امیدوار ناکام ہوئے۔ بورڈ کے مطابق صرف 10 فیصد طلبہ و طالبات نے اے ون گریڈ حاصل کیا۔

