اسلام آباد: وزارت اطلاعات نے افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے پاکستان مخالف بیان کو من گھڑت قرار دے دیا۔
وزارت اطلاعات کے فیکٹ چیک کے مطابق طالبان رجیم کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے جھوٹا اور بے بنیاد دعویٰ کیا۔ بدخشان میں تصادم کے دوران پاک فوج کی موجودگی کا دعویٰ محض پراپیگنڈا ہے۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ بدخشاں میں جاری تشدد افغانستان کے اپنے اندرونی سیکیورٹی چیلنجز کا عکاس ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ پرامن اور مستحکم افغانستان کی حمایت کی ہے اور اسے اپنے پڑوسی ملک کو غیر مستحکم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبان رجیم کو الزام تراشی کے بجائے اپنی ناکام حکمرانی اور بڑھتی مزاحمت پر توجہ دینی چاہیے۔
ماہرین کے مطابق طالبان حکومت افغانستان میں بڑھتی مزاحمت اور اندرونی تصادم سے توجہ ہٹانے کے لیے پراپیگنڈا کا سہارا لے رہی ہے۔ اور ملک کے اندرونی تنازعات کو بیرونی رنگ دینے کے لیے پاکستان پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ذبیح اللہ مجاہد نے بدخشان میں مسلح مخالفین کی سرگرمیوں اور بدامنی کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

