فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران کے دورے کے دوران ایرانی صدر سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کیلئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل ہو گیا، دورے کے دوران فیلڈ مارشل کے ہمراہ وزیرِداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
فیلڈ مارشل کا دورہ ایران پاکستان کی ان فعال سفارتی کوششوں کا حصہ ہے جو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور جاری امریکہ ایران تنازع میں جاری تعطل کو توڑنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ ملاقاتوں کے دوران علاقائی امن کے قیام اور تمام تنازعات کو ڈائیلاگ اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال ایرانی وزیرِداخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے کیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی ، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف، ایرانی وزیرِ خارجہ و ایرانی وزیرِ داخلہ سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کیلئے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں علاقائی امن اورتنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل کے طریقۂ کار پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پُر امن حل میں سہولت کاری کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔



