عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی روابط میں نمایاں پیش رفت ہورہی ہے اور ملک کی سفارتی پوزیشن بتدریج مضبوط ہوتی جارہی ہے۔
معروف برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت اور مختلف عالمی طاقتوں کے ساتھ بیک وقت روابط کو اجاگر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان امریکا، چین، خلیجی ریاستوں اور ایران کے ساتھ ایک ہی وقت میں اپنے تعلقات اور تعاون کو آگے بڑھا رہا ہے۔
پاکستان کی خارجہ پالیسی میں مختلف ممالک کے ساتھ متوازن روابط کو اہمیت دی جارہی ہے، جس کے باعث اسلام آباد عالمی سفارتی منظرنامے میں زیادہ نمایاں کردار ادا کررہا ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق معدنیات اور کرپٹو کے شعبوں میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات بھی فروغ پارہے ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہورہے ہیں جبکہ پاکستان عالمی سرمایہ کاری اور تجارت کیلئے اپنی گنجائش بڑھانے کی کوشش کررہا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان وسط ایشیائی ممالک کو اپنی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی تجارتی راستوں سے جوڑنے کیلئے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔
اس مقصد کیلئے خطے کے ممالک کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی روابط کو وسعت دینے پر توجہ دی جارہی ہے۔
فنانشل ٹائمز نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کی ایک نمایاں مثال قرار دیا، پاکستان بیک وقت واشنگٹن اور بیجنگ کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کسی ایک عالمی کیمپ کا حصہ بننے کے بجائے مختلف ممالک کے ساتھ شراکت داری اور تعاون بڑھا رہا ہے، جو اس کی سفارتی حکمت عملی میں اہم تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔
