سونے کی قیمت میں بڑے اضافے کے بعد آخر کار سونا سستا ہو گیا۔
ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیزی کے بعد ایک بار پھر کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کے نرخ میں 3500 روپے کی نمایاں کمی ہوگئی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت 3500 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 60 ہزار 436 روپے تولہ ہوگئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی، جو 3001 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 94 ہزار 749 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ کمی کے باوجود سونے کی قیمت میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر نمایاں اضافہ ہوا ہے، صرف سات روز میں فی تولہ سونا 36 ہزار روپے مہنگا ہوا، جس کے بعد آج کی کمی کو مارکیٹ میں عارضی ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، فی تولہ چاندی 175 روپے سستی ہونے کے بعد 6936 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ میں کمی کا رجحان دیکھا گیا جہاں فی اونس سونے کی قیمت 35 ڈالر کم ہوکر 4380 ڈالر پر آگئی ہے، عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اتار چڑھاؤ کا براہِ راست اثر مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑتا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان ، ڈالر کی قیمت بھی گر گئی
سونے کی قیمت میں حالیہ دنوں میں تیزی اور اب کمی کے باعث مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ برقرار ہے جبکہ سرمایہ کار اور سونے کے خریدار عالمی مارکیٹ کے رجحان سمیت آئندہ دنوں میں قیمتوں کی سمت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
