لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران پی سی سی سلیکٹ الیون کے خلاف شیڈول ٹیسٹ وارم اپ میچ کے دورانیے میں تبدیلی کردی گئی۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے باہمی اتفاق سے بیِکنہَم کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں ہونے والے وارم اپ میچ کو چار کے بجائے تین روزہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میچ اب جمعرات 13 اگست سے ہفتہ 15 اگست تک کھیلا جائے گا۔ جبکہ یہ مقابلہ پہلے بدھ 12 اگست سے چار روز کے لیے شیڈول تھا۔
کینٹ کرکٹ کے مطابق بدھ کو خریدے گئے ٹکٹوں کی مکمل رقم آنے والے دنوں میں واپس کردی جائے گی۔ جبکہ جمعرات، جمعہ اور ہفتہ کے لیے پہلے سے خریدے گئے ٹکٹ بدستور قابل استعمال ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ اور ون ڈے کی نئی رینکنگ ، بیٹنگ میں ٹریوس ہیڈ اور باؤلنگ میں راشد خان کی پہلی پوزیشن
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 19 اگست سے لیڈز میں شروع ہو گا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ لارڈز جبکہ تیسرا میچ ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔
