مظفرگڑھ: پنجاب کے ضلع کوٹ ادو میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ بے قابو ہوکر نہر میں جاگرا، حادثے میں اب تک 11 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے سنانواں میں حادثہ پیش آیا۔ لوڈر رکشے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 24 سے زائد افراد سوار تھے، جو بارات کے ساتھ خوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔
حادثے کے باعث باراتیوں کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئیں۔ موقع پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت کچھ لوگوں کو بچا لیا۔ تاہم رکشے میں موجود افراد کی بڑی تعداد حادثے کا شکار ہو گئی۔
🚨کوٹ ادو،باراتیوں کا رکشہ نہر میں گرنے کا واقعہ،مزید 3 لاشیں نکال لی گئیں،جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی،9 بچے تاحال لاپتہ،تلاش کےلئے آپریشن جاری، لاپتہ ہونے والے بچوں کی عمریں 3 سے 14 سال کے درمیان ہیں.ریسکیو حکام pic.twitter.com/Qje787Zvi3
— Abbas Malik (@AbbasMalik95703) August 11, 2026
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق 11 افراد کو زندہ نکال کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ نہر میں بہہ جانے والے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد میں 3 سے 14 سال کی عمر کے بچے بھی شامل ہیں۔ سرچ آپریشن کا دائرہ جائے حادثہ سے تقریباً 20 کلومیٹر تک بڑھا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 168 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری
ریسکیو ٹیموں کی جانب سے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے آپریشن تاحال جاری ہے۔
