اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپورمیں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار 17 سے 19 اگست تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ نامزد امیدواروں کے ناموں کی اشاعت 20 اگست کو کی جائے گی۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 24 اگست تک مکمل کیا جائے گا۔ اور ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 28 اگست تک دائر کی جا سکیں گی، جبکہ اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلوں کی آخری تاریخ 3 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 4 ستمبر کو جاری کی جائے گی، جبکہ امیدوار 7 ستمبر تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
امیدواروں کو انتخابی نشانات 8 ستمبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔ جبکہ حلقہ این اے 168 بہاولپور میں پولنگ 27 ستمبر بروز اتوار کو ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: کسٹمز بانڈڈ وئیر ہاؤسز میں کسی بھی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں، وزیر اعظم
واضح رہے کہ بہاولپور میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 168 رکن قومی اسمبلی ملک اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
