ملک بھر میں سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے ، کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی فی تولہ قیمت مزید 5100 روپے بڑھ گئی ۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتی دھات کی قیمت بڑھنے کے اثرات مقامی صرافہ بازار پر بھی نمایاں ہوئے، جس کے نتیجے میں جمعہ کے روز سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ تازہ اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 5 ہزار 100 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 54 ہزار 336 روپے ہوگئی۔
سونا مزید مہنگا ، فی تولہ کتنے کا ہو گیا؟
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 372 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 89 ہزار 519 روپے مقرر ہوگئی۔
صرافہ ڈیلرز کے مطابق حالیہ دنوں میں عالمی مارکیٹ میں مسلسل اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتی ہوئی دلچسپی نے سونے کی قیمتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، مختلف خطوں میں جاری کشیدگی، مرکزی بینکوں کی مالیاتی پالیسیوں اور امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی جیسے عوامل سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ہونے والی معمولی تبدیلی بھی مقامی صرافہ بازار میں قیمتوں کو متاثر کرتی ہے۔
سونا خریدنے والوں کیلیے بڑی خبر؛ قیمتوں میں نمایاں کمی
دوسری جانب قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث زیورات خریدنے والے شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ صرافہ بازار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ بلند قیمتوں کے باعث سونے کی خرید و فروخت میں نمایاں کمی آئی ہے اور زیادہ تر خریدار صرف ضرورت کے تحت ہی خریداری کر رہے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ 3 دنوں کے دوران فی تولہ سونا 26 ہزار 400 روپے مہنگا ہوچکا ہے ۔
