حکومت پنجاب نے مختلف محکموں میں انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
جاری کردہ احکامات کے مطابق متعدد سینئرافسران کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جبکہ بعض افسران کو تبدیل کرکے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محمد انصارکواسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے تبدیل کرتے ہوئے ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ محمد جواد حیدر شاہ کو ایڈیشنل سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح زبیدہ مبارک کو ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سید اسد رضا کو پنجاب فوڈ اتھارٹی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کے طور پر تعیناتی کے لیے ڈیپوٹیشن پر بھیج دیا گیا ہے۔
ستائش شہریار کو ایڈیشنل سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن تعینات کیا گیا ہے۔
حکومت پنجاب نے محمد اختر مندھیرا کو ایڈیشنل کمشنر کنسولیڈیشن ملتان مقرر کیا ہے۔ تسنیم علی کو ڈائریکٹر سول ڈیفنس کے عہدے سے تبدیل کرتے ہوئے ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ ضیغم نواز کو گریڈ 19 میں ترقی دے کر ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق احسان اللہ کو راولپنڈی سے تبدیل کر کے ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کے سپرد کر دیا گیا، جبکہ آفتاب حسین کو ایڈیشنل کمشنر ریونیو راولپنڈی مقرر کیا گیا ہے۔
سندھ بھر کے سرکاری و نجی اسکولوں میں ہفتہ وار دو تعطیل، نوٹیفکیشن جاری
علاوہ ازیں احمد ہارون کو ستھرا پنجاب اتھارٹی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس تعینات کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ ان تقرر و تبادلوں کا مقصد مختلف محکموں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا، انتظامی امور میں بہتری لانا اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔
