سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
سندھ حکومت نے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی منظوری سے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق نئے فیصلے کے تحت ہفتے کے روز تعطیل ہوگی، جبکہ تعلیمی نصاب کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تدریسی اوقات میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ تعلیمی سرگرمیاں مؤثر انداز میں جاری رہ سکیں۔
محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حکومت کے کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
نئے شیڈول کے تحت سندھ بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ہفتہ اور اتوار کو تعطیل ہوگی، جبکہ پیر سے جمعہ تک تدریسی اوقات میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے گا۔
سندھ کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں ہفتے کے روز تعطیل کا فیصلہ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری سے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار کو تعطیل ہوگی۔ pic.twitter.com/DiuNEYNfBo
— Sindh Information Department (@sindhinfodepart) August 5, 2026
دوسری جانب پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کر دیا، جبکہ نتائج کا باقاعدہ اعلان کل 6 اگست کو کیا جائے گا۔
لاہور بورڈ میں دو لاکھ 85 ہزار 800 طلبہ نے امتحان دیا۔ مجموعی پہلی پوزیشن پتوکی، قصور سے تعلق رکھنے والی نجی اسکول کی طالبہ امینہ محبوب نے 1192 نمبر حاصل کر کے اپنے نام کی۔ دوسری پوزیشن دانش ہائی اسکول راجن پور کے طالب علم نے 1191 نمبر کے ساتھ حاصل کی، جبکہ تیسری پوزیشن لاہور، جوہر ٹاؤن کی طالبہ ازبا جاوید نے حاصل کی۔آرٹس گروپ (بوائز) میں محمد عبداللہ 1126 نمبروں کے ساتھ پہلے، محمد بلال بیگ 1112 نمبروں کے ساتھ دوسرے اور عماد حفیظ 1109 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
فیصل آباد بورڈ میں آمنہ صلاح الدین نے 1191 نمبروں کے ساتھ مجموعی پہلی، رامین فاطمہ نے 1190 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ محمد رائف عبدالاحد نے 1189 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔سائنس گروپ (بوائز) میں محمد رائف عبدالاحد اور سائنس گروپ (گرلز) میں آمنہ صلاح الدین پہلے نمبر پر رہیں، جبکہ جنرل گروپ (بوائز) میں محمد سائم علی اور جنرل گروپ (گرلز) میں انشرح نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا
ملتان بورڈ نے بھی میٹرک سالانہ امتحان 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کر دیا جبکہ تفصیلی نتائج کا باقاعدہ اعلان 6 اگست بروز جمعرات صبح 10 بجے کیا جائے گا۔
مجموعی نتائج کے مطابق مہرین رسول نے 1190 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ فائقہ محبوب 1188 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہیں۔ حمنہ ابراہیم، خدیجہ چوہدری اور ارسلنہ فاطمہ نے 1187 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
