وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر نے ملاقات کی، جس کے دوران چینی سفیر نے چین کے صدر شی جن پنگ کا خصوصی خط وزیراعظم کے حوالے کیا۔
ملاقات میں پاک چین تعلقات، دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق چینی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر بھیجے گئے تہنیتی خط پر صدر شی جن پنگ کی جانب سے اظہارِ تشکر بھی پہنچایا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ، آزمودہ اور ہر موسم کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری، دفاعی اور سفارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے عوامی روابط، سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط اور پارلیمانی تبادلوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور دیرینہ دوستی کی بنیاد پر ہر سطح پر تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم اور چینی سفیر کے درمیان باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے قریبی رابطوں اور مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں اس اعتماد کا بھی اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور چین کی آزمودہ دوستی مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی اور دونوں ممالک باہمی تعاون کے نئے مواقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنے تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جائیں گے۔
